• news

آرمی چیف سے پرویز خٹک کی ملاقات، بحران کا سیاسی حل نکالنے پر اتفاق

اسلام آباد +راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+آئی این پی) صوبہ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گزشتہ روز چیف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کر کے انہیں پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے دس کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں آپریشن  ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کے حوالہ سے بات بھی ہوئی۔آئی این پی کے  ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے جنرل راحیل شریف کو آئی ڈی پیز  کے مسائل سے آگاہ کیا۔  ملاقات میں آپریشن ضرب عضب‘ سیلاب کی تباہ کاریوں اور وفاقی دارالحکومت میں جاری  دھرنوں سے متعلق  بھی  تبادلہ خیال کیا گیا‘ عسکری اور سیاسی قیادت نے اتفاق کیا کہ سیاسی معاملات کا حل جلد اور سیاسی طریقے سے نکالا جانا چاہئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  دس کروڑ روپے پنجاب اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے خرچ کئے جائینگے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے  نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور سیلاب سے تباہ کاریوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں  کردار قابل تعریف ہے۔ جنرل راحیل شریف نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے  کے جذبے کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین  کی ریلیف کے لئے امداد دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات تیس منٹ جاری رہی۔

ای پیپر-دی نیشن