• news

نوازشریف کے استعفے تک نہیں جائینگے: تحریک انصاف‘ پرسوں ’’ون نیشن ڈے‘‘ ہو گا‘ تاریخ کا سب سے بڑا جشن منائیں گے: عمران

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے تک پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا جاری رکھنے کے فیصلے کی توثیق کردی‘ 13 ستمبر کو ملک بھر میں ’’ون نیشن ڈے‘‘ منانے اور تحریک انصاف کے رہنمائوں کے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کور کمیٹی کا اجلاس ڈی چوک میں عمران خان کے کنٹینر میں ہوا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نواز شریف کے استعفے تک ڈی چوک میں تحریک انصاف کا دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ 13 ستمبر کو چاروں صوبوں میں تقریبات منعقد کرنے اور کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ ڈی چوک کے دھرنے میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں عمران نے کہا ہے کہ خواتین کے بغیر کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوتی۔ دھرنے کے شرکاء کی ثابت قدمی سے 28 دن گزر گئے طلبا کسی بھی تحریک کا ہراول دستہ ہوتے ہیں۔ ویت نام میں امریکہ کے خلاف تحریک یونیورسٹیوں سے شروع ہوئی تھی۔ پاکستان کے طالب علمو اس موقع کو جانے نہ دینا یہ  اقتدار نہیں یہ جنگ ظالم اور مظلوم کی ہے۔ ظلم کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ عدالتوں میں انصاف خریدا جاتا ہے سپریم کورٹ کے جج نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا تحریک انصاف کا حق ہے۔ ہم کوئی توڑ پھوڑ نہیں کر رہے پھر زہر کیوں اگلا جا رہا ہے احسن اقبال اور نواز شریف جھوٹ بولتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں ضمیروں کی قیمت لگائی گئی ہفتے کو تاریخ کا سب سے بڑا جشن منائیں گے۔ ہفتے کو دھرنے کا ایک ماہ پورا ہو جائے گا۔ ہمارے پاس ثبوت ہے نواز شریف آپ نے الیکشن دھاندلی سے جیتا ہے۔ دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم استعفیٰ دیں۔ وزیر داخلہ نے خود پارلیمنٹ میں کہا کہ 60 سے 70 ہزار ووٹوں کی شناخت نہیں ہو سکتی۔ جنوبی کوریا کے وزیر اعظم نے کشتی ڈوبنے پر استعفیٰ دیدیا تھا۔ فلڈ ڈیپارٹمنٹ نے وارننگ دی تھی حکومت نے کیا کیا؟ پاکستان ڈوبتا رہا حکومت پر بے حسی چھائی رہی۔ حکمرانوں نے صرف بوٹ پہن کر تصویریں بنوائیں۔ میرے خلاف جھوٹا  پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ میں نے بجلی کا بل نہیں دیا۔ جمہوریت میں جواب لیا جاتا ہے، بادشاہت میں نہیں۔ میٹرو بس بنانے کی بجائے ڈیم بنائے ہوتے تو تباہی نہ ہوتی۔ پاکستانیو بجلی کا بل نہیں دینا۔ ہماری تحریک پارلیمنٹ میں بیٹھے ظالموں کے خلاف ہے ملک میں نادہندہ 4 شوگر ملوں میں 2 نواز شریف کے پاس ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن