حکومت‘ تحریک انصاف اور عوامی تحریک میں ایک بار پھر ڈیڈلاک کا امکان
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے بعض مطالبات مسترد ہونے کی صورت میں حکومت اور دونوں جماعتوں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے درمیان ایک بار پھر ڈیڈ لاک پیدا ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کے استعفیٰ پر حکومت کوئی بات کرنے کیلئے تیار نہیں جبکہ تحریک انصاف اپنے مطالبات کے ذریعے وزیراعظم کے ہاتھ پاؤں باندھنا چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی جماعتوں کے قائدین نے وزیراعظم محمد نوازشریف پر واضح کردیا ہے کہ وہ کسی صورت بھی تحریک انصاف کے مطالبات کو تسلیم نہ کریں۔ وزیراعظم جو ان دنوں سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، اپنے اقوام متحدہ کی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز نوائے وقت کے استفسار پر بتایا کہ جب تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے ریڈ زون پر یلغار کی تھی اس وقت سخت کارروائی نہیں کی۔ اب تو ہم دھرنے والوں کے پرامن طور پر اپنے گھروں میں واپس جانے کا انتظار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت شاہراہ دستور پر احتجاج کو ’’موج میلہ‘‘ قرار دے رہے ہیں‘ وزیرعظم کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوا۔