مذاکرات حساس مرحلے میں ہیں: شاہ محمود‘ فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (آئی این پی) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ہوئے۔ میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات انتہائی حساس مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ پہلے سے زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا جبکہ جہانگیر ترین نے کہا کہ مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں تاہم دونوں جانب سے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈ ار نے کہا کہ اب مذاکرات فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق جوڈیشل کمیشن کو آرڈیننس کے ذریعے بنانے پر اتفاق ہو گیا تاہم کمیشن کے دائرہ اختیار پر تنازعہ برقرار ہے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد سات دن میں جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے۔ کمیشن کی رپورٹ 45دن کے اندر منظر عام پر لائی جائیگی۔ اگر جوڈیشل کمیشن دھاندلی ثابت کر دے تو وزیراعظم اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ حکومت اور تحریک انصاف چیف جسٹس سے تین رکنی بنچ تشکیل دینے کی درخواست کریں گے۔ بنچ چیف جسٹس کی سربراہی میں بنانے کی درخواست کی جائیگی۔ مذاکراتی کمیٹیوں میں اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جس میں تمام سول اور ملٹری ایجنسیاں شامل ہوں گی۔ چیئرمین نادرا، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کرنے پر اتفاق ہوگیا ۔