قائداعظم کا یوم وفات آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، صدر وزیراعظم، ایاز صادق کے پیغامات
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 66 واں یوم وفات آج جمعرات کو ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ مسلم لیگی دھڑے اور سماجی تنظیمیں قائداعظم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کریں گی۔ اس موقع پر سیمینار اور تقاریب منعقد ہوں گی جن میں قائداعظم کی زندگی اور ان کے افکار پر روشنی ڈالی جائیگی۔ مزار قائد پر مسلح افواج کی نمائندہ اور شہری پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی دفتر مسلم ٹائون میں قرآن خوانی ہو گی جبکہ مسلم لیگ ہائوس ڈیوس روڈ میں ق لیگ شعبہ خواتین نے قرآن خوانی کا احتمام کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام خواجہ محمود احمد کی صدارت میں سیمینار منعقد ہو گا۔ علاوہ ازیں قائداعظم کے یوم وفات پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا جنہوں نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی مصلحت کو اپنے فیصلوں پر اثرانداز ہونے دیا۔ پاکستان کو فلاحی اسلامی مملکت بنانے کیلئے پُرعزم ہیں وطن عزیز کی آزادی و سلامتی پر آنچ نہیں آنے دپینگے۔ قائداعظم ہمیشہ نظم و ضبط آزادی، جمہوریت اور سماجی انصاف کی حکمرانی کیلئے کھڑے رہے۔