’’بے بنیاد الزامات پر معافی مانگیں ورنہ کارروائی کرونگا‘‘: ریاض کیانی نے افضل خان کو نوٹس بھجوا دیا
اسلام آباد(ثناء نیوز)الیکشن کمشن آف پاکستان کے پنجاب سے رکن جسٹس (ر) ریاض کیانی نے سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان کو الزامات لگا کر شہر ت کو نقصان پہنچانے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔جسٹس(ر) ریاض کیانی نے افضل خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 14 روز کے اندر اپنے الزامات پر معافی مانگیں ورنہ ان کو 2 کروڑ ہرجانے کی ادائیگی کا نوٹس بھجوایا جائے گا اور عدالت میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ریاض کیانی نے موقف اختیار کیا کہ افضل خان نے بے بنیاد الزامات لگا کر میری شہرت کو نقصان پہنچایا اگر انہوں نے ان الزامات پر معافی نہ مانگی تو پھر ان کے خلاف دیوانی اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افضل خان نے جب ٹی وی پر بیٹھ کر الزامات لگائے تو ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ان کے پاس دھاندلی کے کوئی ثبوت نہیں۔ افضل خان نے مجھ پر 90فیصد انتخابات کو خراب کرنے کا الزام لگایا جس سے میری ساکھ متاثر ہوئی۔