دھرنوں میں شرکت: پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ‘ سپیکر خیبر پی کے اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیا
پشاور(آن لائن) پشاور ہائیکورٹ نے دھرنے میں شرکت پر وزیراعلی اور سپیکر خیبر پی کے اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک اور سپیکر اسد قیصر کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست گزار ایاز خان ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعلی اور سپیکر خیبر اسمبلی نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہوا ہے۔ جس وقت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں جاری دھرنے میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت یہ دونوں ارکان وہاں موجود تھے اور انہوں نے اس غیر آئینی اعلان کی حمایت کرکے آئین کی خلاف ورزی کی جبکہ دھرنے میں وزیراعلی اور سپیکر خیبر پی کے اسمبلی صوبائی وسائل استعمال کررہے ہیں لہٰذا ان دونوں ارکان کو نااہل قرار دیا جائے جس پر پشاور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے دونوں ارکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کیا ہے۔