کراچی: مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعیم کے داماد‘ حیدر رضوی کے کوارڈینیٹر سمیت 10 افراد قتل
کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) کراچی میں بدھ کے روز ٹارگٹ کلرز پھر خون کی ہولی کھیلتے رہے۔ فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں جامع بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم کے داماد مولانا مسعود بیگ، ایم کیو ایم رہنما حیدر عباس رضوی کے کوآرڈینیٹر سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مفتی محمد نعیم کے داماد مولانا مسعود بیگ جو جامعہ کراچی اور جامعہ بنوریہ میں استاد بھی تھے، نارتھ ناظم آباد کے علاقے حیدریہ مارکیٹ کے قریب کار میں بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس آ رہے تھے کہ 4 موٹرسائیکل سواروں نے کار پر اندھادھند گولیاں برسا دیں جس سے مولانا مسعود بیگ موقع پر جاں بحق اور ٹارگٹ کلرز فرار ہو گئے۔ اس واقعہ پر حیدری کے علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی، دکانیں بند کر دی گئیں۔ مولانا مسعود بیگ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد جامعہ بنوریہ لائی گئی جہاں نماز جنازہ کے بعد انہیں جامعہ کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء کی ٹارگٹ کلنگ نہ رُکی تو ہم میدان میں آ جائیں گے۔ طویل عرصے سے علماء کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ، متحدہ کے قائد الطاف حسین، علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مفتی محمد نعیم کے داماد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور رہنما چودھری پرویزالٰہی نے مولانا مسعود بیگ کے ناگہانی قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مفتی محمد نعیم کو فون کرکے ان سے اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثناء بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کے پیش نظر سندھ حکومت نے ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کی سفارش پر کراچی میں 10روز کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی جس کا اطلاق رات 12بجے سے ہو گیا۔ غلام قادر تھیبو نے اس حوالے سے کہا ہے ڈبل سواری پر پابندی عوام کے تحفظ کیلئے ہے۔ مولانا مسعود بیگ اور علامہ کمیلی کے بیٹے کو موٹر سائیکل سواروں نے ہی ٹارگٹ کیا۔ انہوں نے کہا کوئی تیسری قوت کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے مولانا مسعود بیگ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے عوام دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ مولانا مسعود بیگ کے قاتلوں کو جلدازجلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ علما کرام اور سیاسی رہنما فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ناکام بنا دیں۔ اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی اور ڈاکٹر خادم حسین نے مفتی محمد نعیم کے داماد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، علماء اور طلبا کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا اگر قانون حرکت میں نہ آیا تو پاکستان کے حالات عراق اور شام جیسے ہو جائیں گے۔ دریں اثناء لیاقت آباد ایف سی ایریا میں موٹر سائیکل سواروں نے دکان پر فائرنگ کرکے 27 سالہ قاسم رضا پاک کالونی میں 50 سالہ ضیاء الدین کو قتل کر دیا۔ لیاری میں رات گئے رینجرز اور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2گینگ وار ملزم مارے گئے۔ چاکیواڑہ میں میڈیکل سٹور کے قریب فائرنگ سے 28 سالہ محمد اکرم ہلاک ہو گیا۔ انچولی سے حساس اداروں نے کالعدم سپاہ محمد کے 2ارکان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لیپ ٹاپ اور مخالف فرقے کے علماء کی فہرست برآمد کرلی۔دریں اثناء سخی حسن قبرستان کے قریب حجام کی دکان پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کے کوآرڈینیٹر عثمان کاظمی جاں بحق ہو گئے۔ کورنگی نمبر5 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2افراد کورنگی جے ایریا میں فائرنگ سے ایک نوجوان جبکہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں فائرنگ سے ملک عمران نامی شخص ہلاک ہو گیا۔