ضلع سرگودھا میں سیلاب کی تباہ کاریاں 50 ہزار افراد بے گھر
سرگودھا (صارم علی خان) دریائے چناب اور دریائے جہلم نے ضلع سرگودھا میں تباہی مچا دی سینکڑوں دیہات زیر آب آ گئے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق 50 ہزار کے قریب لوگ بے گھر ہو گئے۔ ہزاروں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے یا پانی میں بے یارومددگار محصور ہیں۔ وزیراعلی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ بے گھرافراد کو کھانا اور خیمے فراہم کر رہی ہے جبکہ تین سو رضاکار لوگوں اور انکے مویشیوں کو پانی سے نکال کر خشک محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں لیکن ہزاروں افراد امداد سے پھربھی محروم ہیں۔ صرف دریائے چناب نے کوٹھومن کے علاقے میں 45 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر کیا ہے۔ جبکہ دریائے جہلم نے 20 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر کیا ہے۔ اب تک سیلاب کی وجہ سے ضلع سرگودھا میں دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں جبکہ 30 مویشی ہلاک ،سینکڑوں مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ تباہ ہنے والی فصلوں میں دھان کی فصل انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ دیگر فصلوں میں مکئی اور جوار شامل ہے۔ پانی کھڑا ہونے کے باعث سبزچارہ کی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں جس سے مویشیوں کو چارہ کی فراہمی میں زمینداروں اور کسانوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت نے ابھی تک سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔ شہر کی تمام سماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرین کی امداد کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں۔