• news

دھرنے ملک کی رسوائی ہیں، سیاستدان مذاکرات کریں: پوزیشن ہولڈرز

لاہور (میاں علی افضل سے) لاہور بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز نے کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت، اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پوزیشن ہولڈرز نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اتحاد اور تعلیم کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ پوزیشن ہولڈرز نے دھرنوں کو دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی قرار دیتے ہوئے سیاسی رہنمائوں سے فوری طور پر معاملات بات چیت سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ پوزیشن ہولڈرز کے مطابق صرف محنت، لگاتار محنت، دل و جان سے محنت کے نتیجے میں ہی انسان کامیابی حاصل کرتا ہے۔ پوزیشن ہولڈرز نے کہا مایوسی گناہ ہے اس پر ہم سب کا یقین ہے ہمارے اتحاد، ایمانداری سے محنت، ملک سے محبت اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے انشاء اللہ پاکستان کا شمار جلد ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم احمد رحمان نے کہا مستقبل میں دل کا ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کروں گا۔ کامیابی اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہے تمام فیملی نے کامیابی کیلئے بھرپور دعا کی۔ ٹیچرز نے بھرپور محنت کرائی، لگن سے پڑھائی کی اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا کی۔ انہوں نے کہا طلبہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں تو کامیابی یقینا ان کا مقدر بنے گی۔ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہئے۔ اس سے طلبہ فریش ہوتے ہیں اور ان کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی موجودہ صورتحال خراب ہے اس میں سیاسی رہنمائوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ سیلاب سمیت دیگر مسائل کا ملکر مقابلہ کیا جاسکے۔ امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے سبحان سعید نے کہا مستقبل میں ڈاکٹر بن کر اپنے ہی ملک میں رہوں گا اور ملک و قوم کی خدمت کروں گا۔ کامیابی صرف محنت کی طلبگار ہوتی ہے، مشکلات ہمیں کبھی نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا ملکی اتحاد اور دلوں میں پاکستان کی محبت ہونے پر ہم تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا صرف تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کو کامیابی کی منزلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ امتحان میں پنجاب کالج فار ویمن کی تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی صائفہ خالد نے کہا لگن کے ساتھ پڑھائی کرنے سے ہی کامیابی ملتی ہے۔ محنت، محنت اور محنت سے ہی پوزیشنیں لی جاسکتی ہیں۔ سیاسی رہنمائوں کو برداشت، صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ پاکستان ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ آج ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے پیارے وطن کو دشمنوں سے محفوظ بناسکیں۔
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 1039 نمبر لے کر بورڈ ٹاپ کرنے والے ولید اعظم کا کہنا ہے وہ اپنی اس کامیابی پر سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ آج انہیں اپنی محنت کا پھل مل گیا۔ ولید اعظم مستقبل میں میڈیسن کے میدان میں سپیشلائزیشن کرکے ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی تحریم رضا کے والدین لیکچرار ہیں‘ تحریم کی کامیابی پر ان کے گھر جشن کا سماں ہے۔ بورڈ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے حمزہ طارق مستقبل میں ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن