• news

دھرنے: غیر ملکی تاجروں کا پاکستان آنے سے انکار‘ تجارتی نمائش منسوخ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ثناء نیوز) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عالمی تجارتی نمائش ایکسپو پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث غیر ملکی تاجروں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔ بیرون ملک پاکستانی کمرشل قونصلرز نے غیر ملکی تاجروں کے پاکستان  نہ آنے سے آگاہ کر دیا اور کہا ہے کہ دھرنوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث غیر ملکی تاجر پاکستان نہیں آنا چاہتے۔ چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ ایس ایم منیر نے ایکسپو پاکستان منسوخ ہونے کا خط لکھ دیا۔ کراچی سے ثناء نیوز کے مطابق پنجاب میں ہونے والی شدید بارشوں اور دھرنوں کے باعث 18 ستمبر کو ہونے والی تیسری عالمی توانائی‘ گیس‘ تیل اور پاور کی نمائش ایگو پاکستان ملتوی کر دی گئی۔ فیکٹ ایگزیبیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے تحت ہونے والی اس تین روزہ نمائش کا انعقاد اب اگلے ماہ اکتوبر کی 15 تاریخ کو ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن