مرید کے میں سیلاب سے تباہی، 2 کمسن بھائی ڈوب گئے، لواحقین کا احتجاج، روڈ بلاک
مرید کے، فیروز والا (نامہ نگاران) مرید کے میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔ 95 فیصد فصلیں سیلاب کی نذر ہو گئیں۔ 2 غریب محنت کش جاں بحق جبکہ دو معصوم بچے بھی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ پانی بدستور بڑھ رہا ہے۔ لوگوں نے چودھری شوکت سعید واہگہ کی قیادت میں انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ درجنوں دیہات ڈالہ واھگہ تاج پورہ، لدھیکے ورکاں، ماڑی،جوڑا، اسلام آباد، فتح پوری، لاہوریانوالی مکمل برباد ہو گئے جبکہ ڈالہ واھگہ میں سیلاب سے دیوار گرنے سے چوکیدار بابا لاسن چھت گرنے سے مشتاق شاہ کوٹ نور پور میں دو معصوم بچے 2 سالہ موتی کشن 3 سالہ راحت پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے ورثاء نے مرید کے نارووال روڈ بند کر دی۔ ڈی سی او شیخوپورہ موقع پر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو 16، 16 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق برسانی نالہ بھیڈ میں طغیانی سے متعدد آبادیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ پانی پٹھان کالونی، حاجی کوٹ، کالج روڈ، حیدر روڈ، کشمیر ٹائون رحیم ٹائون، گرین ویلی اور گلفشاں ٹائون کے ہزاروں گھروں میں داخل ہو گیا۔ لوگ گھروں کی چھتوں پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ امدادی سرگرمیوں نہ ہونے پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔