• news

مذاکرات بحال ہو سکتے ہیں، پاکستان کو رویہ بدلنا ہو گا : بھارتی وزیر داخلہ

 سرینگر(اے این این+آن لائن) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے پاکستان کے ساتھ مذاکرات بحال ہوسکتے ہیں تاہم اس کیلئے پاکستان کو بھارت کی طرف اپنے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن کے کنارے سیلاب  اور بارشوں سے متاثر ہونے والے علاقوں کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمسائے ہمسائے ہوتے ہیں جو تبدیل نہیں ہوسکتے  دوست تو تبدیل ہوسکتے ہیں مگر ہمسائے نہیں، دوستوں کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے مگر ہمسایوں کا نہیں، ہمسایہ ایک اٹل حقیقت ہوتا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن ہمیں ضرورت پڑنے پر مثبت ردعمل کی بھی توقع ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا ہم پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اور پاکستان چاہے تو دوبارہ بامعنی مذاکرات کا آغاز بھی کیا جا سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا پاکستان سے درپیش سرحدی خطرات سے بھی سختی سے نمٹا جائیگا۔ آئی این پی کے مطابق گجرات کے دو روزہ دورے کے اختتام پر بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے لاحق خطرات سے پوری قوت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔اس سے قبل سرحدی شہر کوٹے شور میں بی ایس ایف حکام کے ایک اجلاس کے دوران راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا بھارت کے مغربی ساحل پر سخت سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔کوٹیشور پاکستان کے ساتھ سرحد پر مغربی کنارے پر واقع بھارتی سرزمین پر آخری شہر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے راجناتھ سنگھ نے بی ایس ایف حکام، گجرات حکومت کے وزارت داخلہ کے حکام اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے افسران کے  اجلاس میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ راجناتھ سنگھ نے بی ایس ایف کے اہلکاروں اور میرین کمانڈوز سے خطاب بھی کیا اور یقین دلایا پاکستان کے ساتھ سرحد پر انہیں مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بھارتی وزیر داخلہ نے سرکریک کے علاقے کا فضائی سروے بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن