گجرات: سیلاب سے بے گھر ہونے والے معمر جوڑے نے شادی کرلی
گجرات (نامہ نگار) سیلاب نے ایک طرف کئی گھرانوں کو غم دئیے تو دوسری طرف کئی گھرانوں کیلئے سیلاب خوشیاں بھی لے آیا۔ گزشتہ روز سیلاب سے بے گھر ہونے والے معمر جوڑے نے شادی کرلی۔ ٹانڈہ کے نواحی گائوں کرُی شریف کے رہائشی 80 سالہ خادم حسین اور 75 سالہ عاصمہ کی شادی میں گائوں کے لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بارات لیکر سیالکوٹ کی رہائشی بیوہ عاصمہ کو بیاہ کر لے آئے۔ بارات کے موقع پر لوگوں نے دولہا پر نوٹ بھی نچھاور کئے جبکہ بارات لیکر گھر پہنچنے پر دادا خادم حسین اور اُسکی دلہن کے آگے آگے گائوں کے بچے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ باباخادم حسین نے کہا کہ جب اسے عاصمہ سے شادی کیلئے کہا گیا تو اس نے چٹ منگنی پٹ بیاہ کو ترجیح دی اُدھر دلہن عاصمہ نے کہا وہ اپنے جیون ساتھی کی صورت میں سہارا مل جانے پر خوش ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گجرات کے نواحی گائوں کری شریف کے 80 سالہ خادم حسین اور سیالکوٹ کی رہائشی 75 سالہ عاصمہ کا سب کچھ سیلاب کی نظر ہوکر بہہ گیا تھا۔ اداس گائوں میں ہر طرف خوشیوں کے شادیانے بج اٹھے۔ این این آئی کے مطابق معمر خاتون عاصمہ نے بے سہارا ہونے کے بعد اپنے رشتہ داروں کے ہاں رہائش اختیار کررکھی تھی۔ دکھ کی اِس گھڑی میں بزرگ جوڑے نے دربدری سے بچنے کیلئے ایک ہونے کا فیصلہ کیا ، بات پکی ہوئی تو دونوں نے چٹ منگنی پٹ بیاہ کر لیا۔سیلاب کے باعث جہاں گائوں میں ہرطرف اداسی تھی اس شادی سے خوشیوں کے شادیانے بج اٹھے۔ بابا خادم کی بارات واپس گاں پہنچی تو خواتین نے چھتوں پر چڑھ کر دلہا دلہن کا استقبال کیا۔