• news

وقت آ گیا، پاکستان، بھارت ماضی بھلا کر تعلقات کا نیا دور شروع کریں: عبدالباسط

نئی دہلی (اے این این+ آن لائن) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط  نے کہا ہے وقت آگیا ہے پاکستان اور بھارت دوطرفہ  تعلقات میں نئے دور کا آغاز کریں، ہمیں ماضی کی تلخیوں کو بھلانا ہوگا، ہم باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم کریں تو ایک دوسرے سے فائدہ  لے سکتے ہیں۔ نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اس بات سے  زیادہ اتفاق  نہیں کرتے کہ سفارتکاری میں کوئی فل سٹاپ نہیں ہوتا  آپ کو دروازے کھلے  رکھنے کی ضرورت  ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ایک اہم ہمسایہ ملک ہے بدقسمتی سے  اس کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک تلخ تاریخ  ہے  لیکن وقت آگیا ہے ہم ماضی کے واقعات کو بھلا دیں۔ کشمیر میں سیلاب  کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔  امید ہے کہ  دونوں ممالک کے حکام صورتحال پر قابو پا لینگے۔ عبدالباسط نے کہا دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیاں بھلاکر مستقبل کی جانب پیش قدمی کرنا ہو گی، پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں اضافے کے لئے تجارت کا سب سے بڑا کردار ہو گا۔ نئی دہلی کے پراگتی میدان میں عالی شان پاکستان لائف سٹائل 2014 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا نمائشوں کے انعقاد سے دونوں ممالک قریب آ سکیں گے۔ عالیشان پاکستان نمائش کا مقصد بھی یہی ہے۔
عبدالباسط

ای پیپر-دی نیشن