• news

عوامی تحریک، پی ٹی آئی کے دھرنے ختم کرانے کیلئے سپریم اور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ملک میں ہر قسم کے دھرنوں پر پابندی اور تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے ختم کروانے کے لئے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے اسلام آباد میں دھرنے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں، اس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں، دھرنوں کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں اور کاروبار تباہ ہورہا ہے۔ دھرنوں کو ختم کروانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، اٹارنی جنرل اور دونوں جماعتوں کے سربراہوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں فل بنچ دونوں جماعتوں کے دھرنے ختم کروانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت آج کرے گا۔ درخواست گزار فیصل آباد کے شہری نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے فل بنچ نے دونوں جماعتوں کے مطالبات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں غیر قانونی دھرنا دینے اور احتجاج کرنے سے روکا تھا لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے اسلام آباد میں غیر قانونی دھرنے دیئے۔ عدالت دونوں جماعتوں کے سربراہوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کرے۔
درخواست دائر

ای پیپر-دی نیشن