• news

حکومتی ادارے سیلاب زدگان کی فوری امداد اور بحالی میں تیزی لائیں: صدر ممنون

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین  نے ہدایت کی ہے کہ  تمام متعلقہ حکومتی ادارے  سیلاب زدگان کی فوری امداد اور بحالی کے لئے سرگرمیوں میں تیزی  لائیں‘  سیلاب متاثرین کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، مستقبل میں سیلاب کی تباہ کاری سے نمٹنے کے مؤثر انتظامات کئے جائیں، سندھ اور پنجاب کے بندوں کو فوری طور پر مضبوط بنایا جائے تاکہ سیلاب کے نقصانات سے بچا جا سکے۔ وہ  آزاد کشمیر ‘ پنجاب سمیت  ملک کے دیگر حصوں میں  سیلاب کی صورت حال پر  ممتاز ماہر موسمیات  اور سابق ڈی جی  محکمہ موسمیات ڈاکٹر قمرزماں چوہدری کی طرف سے جمعرات کو ایوان صدر میں  دی گئی  بریفنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے پاکستان کو متوقع نقصانات کا تحقیقی جائزہ لیا جائے۔ عوام سیلاب زدگان کی مدد کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کریں اور  سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے عوام زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔  صدر نے  سرکاری حکام کو بھی ہدایت کی کہ  سیلاب زدگان کی مدد مشنری جذبے کے ساتھ کریں جبکہ حکومت فلڈ وارننگ سسٹم کا نظام مربوط، موثر اورتیزرفتار بنائے۔  علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے مذہبی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے ایوان صدر میں صدر ممنون سے ملاقات کی۔ انہوں نے صدر مملکت کو پاکستانی حجاج کیلئے سعودی عرب میں کئے گئے انتظامات بارے آگاہ کیا۔ وزیر مملکت نے صدر کو حج فلائٹوں کے شیڈول کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستانی حاجیوں کیلئے رہائش اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بھی بتایا۔
صدر ممنون

ای پیپر-دی نیشن