• news

وزیراعظم کا استعفیٰ، عمران توپ مانگ رہے ہیں پستول تو مل ہی جائیگی: خورشید شاہ

کراچی (این این آئی) خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سڑکوں پر دھرنوں سے انقلاب نہیں آئیگا، ملک کے مسائل حل کرنے کا مرکز پارلیمنٹ ہے۔ اگر کسی کو انقلاب لانا ہے یا ملک کے مسائل پر بات کرنی ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آکر بات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون کی والدہ کے انتقال کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ خود مختار اور آزاد ہے۔ یہاں فیصلے کسی کی مرضی سے نہیں بلکہ مسائل کا حل اتفاق رائے سے نکالا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، جمہوریت کے درخت کی مضبوطی میں پیپلزپارٹی کے شہداءکا لہو شامل ہے، جمہوریت کے حامی ہیں ۔کسی حکومت کی حمایت نہیں کررہے ہیں بلکہ آئین ،جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کی حمایت کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعہ نکالا جائے، موجودہ صورت حال کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالا جاسکتا ہے تاہم اس کیلئے لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کے استعفے دینے سے متعلق عمران خان کے مطالبے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ توپ مانگ رہے ہیں تو انہیں پستول مل ہی جائے گی۔ اگر آئین کو کچھ ہوا تو فیڈریشن کو نقصان پہنچے گا۔
خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن