• news

پاکستان خارجہ پالیسی میں پہلی ترجیح ہے‘ دورے کا شدت سے منتظر ہوں : چینی صدر

دوشنبے (اے این این) چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کے دورے کا شدت سے انتظار ہے، وزیراعظم نواز شریف سے ان کی نومبر میں بیجنگ میں ہونے والی ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کانفرنس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے، پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس ہوا دوست ملک کو مزید امداد کی پیشکش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوشبنے میں 14ویں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستانی مشیرخارجہ سرتاج عزیزسے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے چینی صدرنے کہاکہ چین اور پاکستان کی دوستی سدا بہار ہے دونوں ممالک ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور ہر موقع پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان میں متعلقہ پارٹیاں بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے اور ملکی استحکام برقرار رکھنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں جو ملک اور قوم کے بنیادی مفادات ہیں۔ چینی حکومت اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اس کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ سرتاج عزیز نے چینی صدر کو ممنون حسین اور وزیراعظم کے پیغامات پہنچائے اور پاکستان کےلئے چین کی غیرمتزلزل حمایت اور امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام چینی صدر کے جلدازجلد دورے کے منتظر ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی دوستی کو مزید تقویت دے گا اور اس سے پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔
چینی صدر

ای پیپر-دی نیشن