ملالہ پر حملہ کرنیوالوں کی گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل: امید ہے ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، بان کی مون
اسلام آباد + نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) ایمنسٹی انٹرنیشنل پاکستان نے ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ کرنے والوں کی گرفتاری سے حکومت ملک میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کے تحفظ کی صورتحال بہتر بنا سکتی ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے ثابت کیا کہ قلم کی طاقت تلوار سے زیادہ ہے۔ مزید برآں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی ملالہ پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کی خبر کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ انہیں انصاف کے کٹہرے میںلایا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا ملالہ نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کیلئے امید کی ایک کرن بن کر سانے آئی ہے۔