• news

عمران حوصلہ ہار گئے، دھرنے والے اپنی ”سیاسی موت“ کا اعتراف کریں: فضل الرحمن

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر و پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں تناﺅ ایشیائی ممالک کیلئے بروقت خطرے کی گھنٹی ہے۔ دھرنا دینے والے اپنی ”سیاسی موت“ کا اعتراف کریں۔ یہ ایسے شہداءہوں گے جن کے جنازے پڑھانے کی ضرورت نہیں۔ عمران خان حوصلہ ہار گئے۔ ایک شکست خوردگی کی علامت بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا جمعیت علماءاسلام ف کی مرکزی مجلس عاملہ نے جمعیت علماءاسلام کی صد سالہ تقریبات مارچ 2016ءمیں خیبر پی کے میں منعقد کی جائیں گی اس میں جمعیت علماءاسلام کے تحریک آزادی میں کردار کو اجاگر کیا جائے گا، جس میں پوری دنیا سے جے یو آئی کی نمائندگی ہو گی، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، مالدیپ، جنوبی افریقہ سمیت پوری دنیا سے مندوبین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا فوج نے شمالی وزیرستان کا علاقہ کلیئر ہو چکا ہے اب آئی ڈی پی کو واپس اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت دے دی جائے، متاثرہ لوگ عید الاضحیٰ اپنے گھروں میں واپس کیا جائے۔ انہوں نے کہا جن ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے خود اسمبلی سیکرٹریٹ میں جاکر استعفے دئیے ہیں ان کے استعفے فی الفور قبول کر لئے جائیں۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن