400 سابق فوجی افسروں کی طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت، حمایت کا یقین دلایا
اسلام آباد (اے این این) انقلاب اور آزادی مارچ کی حمایت کے لئے ایکس سروس مین بھی میدان میں کود پڑے، 400 سابق فوجیوں پر مشتمل وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی، حمایت کا یقین دلایا۔ پنڈال افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ ہفتہ کو طاہرالقادری کے خطاب کے دوران کرنل (ر) سعید ملک، کرنل (ر) دائود سمیت ریٹائرڈ فوجی افسر اور سپاہیوں پر مشتمل وفد نے اجتماع میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ افواج پاکستان کے 400 ریٹائرڈ افسر ہمارے ساتھ شامل ہوئے ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، اس اعلان کے ساتھ ہی پنڈال افواج پاکستان زندہ باد اور گو گو نواز گو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر جدوجہد آزادی کے سپاہی کرنل (ر) دائود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ طاہرالقادری ایک عظیم مشن پر کام کر رہے ہیں، ہم گھروں میں نہیں بیٹھ سکتے۔ یہ الیکشن کمشن نہیں بلکہ کرپشن کمشن آف پاکستان ہے جس نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، آرٹیکل 62 اور 63 کو پائون تلے روندا۔ انہی کی وجہ سے چور ڈاکو قرض ڈیفالٹر اسمبلیوں میں جا پہنچے۔