حکومت تحریک انصاف، عوامی تحریک کے کارکنوں کو فوری رہا کرے: سیاسی جرگہ
لاہور+ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ نیشن رپورٹ) اپوزیشن کے سیاسی جرگے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردے۔ جرگے کے ایک ممبر نے دی نیشن کو بتایا کہ جرگہ کے ممبران حکومتی کارروائی سے ناخوش ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک طرف ہم حکومت اور دھرنا دینے والوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حکومت احتجاجی کارکنوں کو گرفتار کرکے صلح کی ان کوششوں پر پانی پھیر رہی ہے۔ سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اعظم سواتی سمیت دونوں جماعتوں کے گرفتار کارکنوں اور رہنمائوں کو فوری طور پر رہا کرے اور معاملات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے۔