طاہرالقادری سے ملاقات: سکرپٹ سب نے ملکر لکھا، آخری صفحے پر کیا ہے بعد میں بتائونگا: شجاعت
اسلام آباد + لاہور (ایجنسیاں) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت نے طاہرالقادری سے شاہراہ دستور پر کنٹینر میں ملاقات کی جس میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریوں سے پیدا صورتحال حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر بات چیت کی۔ ملاقات میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں چودھری شجاعت نے کہا ہے جب مطالبات پورے ہوجائیںگے، دھرنا بھی ختم کردیاجائیگا۔ طاہر القادری کے کنٹینر میں سب اتحادیوں نے سکرپٹ لکھا اور اسکے آخری صفحے پر مہر لگی ہوئی ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے استعفے کے حوالے سے مذاکرات میں بات کر رہے ہیں لیکن مجھے اسکی زیادہ امید نہیں۔ سکرپٹ کے آخری صفحے کی تحریر کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جو لکھا ہے وہ بعد میں بتائونگا جو ہوگا اور سب اچھا ہی ہوگا۔ پی ٹی وی پر حملہ کرنیوالوں کی شناخت ہوسکتی ہے تو ماڈل ٹائون کے ملزموں کی کیوں نہیں۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔ صبح اسمبلی میں برا بھلا کہہ کر شام کو مذاکرات کرتے تھے۔ فوج کو ان معاملات میں مداخلت کرنا پڑیگی۔ اگر ملکی سالمیت کی بات آئی تو فوج کو مداخلت کرنا پڑیگی لیکن فوج کی مداخلت کا مطلب نہیں کہ وہ اقتدار پر قبضہ کریں گے۔ علاوہ ازیں شجاعت حسین پرویز الٰہی نے دھرنوں میں شریک جماعتوں کے رہنمائوں و کارکنوں کیخلاف کریک ڈائون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ایسی کارروائیوں سے حکمران مزید خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔