کراچی: فائرنگ کے واقعات، کالج پرنسپل‘ ڈاکٹر سمیت 6ہلاک، پولیس موبائل پر بم حملہ
کراچی (نمائندہ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) شہر قائد میں ہفتہ کے روز فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں ڈاکٹر کالج پرنسپل سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو لاء کالج کے پرنسپل ایڈووکیٹ ریاض لونڈ کو کالج جاتے ہوئے نیشنل ہائی وے پرمنرل پمپ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار 2افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا انہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پرنسپل ریاض کو پیٹ میں 3 گولیاں لگیں تاہم وہ چند گھنٹوں بعد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ۔ واقعہ کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمی پرنسپل کو فوری اور موثر طبی سہولت دی جائے جبکہ ملزموں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں مدینہ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں موٹر سائیکل سوارایک ملزم اسحاق موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہو گیا۔ملزم کے قبضے سے ایک پستول چھینے ہوئے موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ ادھر لانڈھی کے علاقے میں رات گئے پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو مارے گئے جو گھروں میں اہلخانہ کو محصور کرکے لوٹ مار کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں تیموریہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کر دیا۔ دھماکے سے موبائل کو نقصان پہنچا ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ علاقہ لرز اٹھا۔ ادھر نیو کراچی کے سیکٹر فائیو ای میں رات گئے فائرنگ سے ڈاکٹر خالد دم توڑ گئے۔