• news

عمران کے مرشد مشرف نے عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا : پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ثناء نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان کا نظریہ ایک ہی ہے مشکل وقت میں اپنوں کو چھوڑ دینا چاہئے۔ عمران ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جہاں پارلیمنٹ پر حملہ اور پی ٹی وی پر قبضہ ہو۔ ان کا کہنا تھا عمران خان پرویز مشرف کی نرسری میں پلے، وہ اپنے دائیں بائیں دیکھ لیتے تو انہیں مسائل کی سمجھ آجاتی۔ عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے عمران کے مرشد پرویز مشرف نے کیا تھا۔ انہوں نے تجویز دی عمران اپنی صفوں میں ٹیکس نہ دینے والوں کو پہچانیں پھر دوسروں پر تنقید کریں۔ پرویز رشید نے مطالبہ کیا عمران خان خیبر پی کے میں ارباب شہزاد کے الزامات کا تو جواب دیدیں، یہ کیسے بہادر لیڈر ہیں جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر دھرنے کرتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا مذاکرات کا ڈیڈ لاک توڑنے کیلئے کسی کے غیرآئینی مطالبے تسلیم نہیں کئے جاسکتے ہم پاکستان کو ایک ایسے ملک میں تبدیل نہیں کر سکتے جہاں دو چار ہزار لوگ یلغار کر کے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگا کریں۔ حکومت ہر قانون توڑنے والے کا پیچھا کرتی رہے گی، قانون توڑنے والے رعایت کے مستحق نہیں،جہانگیر ترین کے ساتھی قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو قانون حرکت میں آئیگا۔ انہوں نے کہا پہلے عمران خان اور طاہرالقادری کہہ رہے تھے پارلیمنٹ، پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اب ان لوگوں کو چھڑانے عدالتوں میں پہنچ گئے اور انہیں زبردستی چھڑا کر لے جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے پولیس وین کے ٹائر پنکچر کئے۔ انہوں نے کہا قوم کو بتایا جائے جو لوگ پُر امن مظاہرے کیلئے آئے ہیں ان کے پاس ٹائر پنکچر کرنے کا سامان بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت نے 31 دن تک ان لوگوں کی لاقانونیت کو برداشت کیا اگر یہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیں گے تو قانون ہی کے ذریعے ان سے نپٹا جائیگا۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں میں تحریک انصاف کے کارکن بھی شامل تھے جو بھی قانون کو ہاتھ میں لیگا، اسے گرفت میں لیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن