• news

وسائل کی کمی سے کراچی آپریشن میں خاطر خواہ نتائج نہیں مل سکے : پولیس چیف : آئی جی سندھ نے مزید تفری اور سامان کا مطالبہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کراچی پولیس چیف نے کراچی آپریشن تیز کرنے کےلئے آئی جی سندھ سے مزید نفری اور سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو خط لکھا ہے جس میں کراچی پولیس چیف نے اعتراف کیا کہ وسائل کی کمی کے باعث کراچی آپریشن میں خاطر خواہ نتائج نہیں مل سکے۔ کراچی پولیس چیف نے جرائم کی روک تھام کے لئے آپریشن تیز کرنے کےلئے مزید نفری اور سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کراچی پولیس چیف نے دس ہزار مزید پولیس کانسٹیبل بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سو کاریں، دو سو پولیس موبائل گاڑیاں، پانچ سو موٹر سائکلیں، پانچ ہزار نائن ایم ایم پستول، پچاس ہزار گولیاں، پانچ ہزار ایس ایم جی، دس ہزار بلٹ پروف جیکٹ، دس ہزار ہیلمٹ اور سو بلٹ پروف گاڑیاں، پچاس بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید ایک ہزار ریٹائرڈ فوجی بھی بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں جاری آپریشن کی سست روی ختم کرنے اسے فعال بنانے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی غرض سے کراچی پولیس کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پولیس میں بھرتی، جدید اسلحے کی خریداری، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جبکہ بلٹ پروف جیکٹیں بھی کراچی پولیس کے لئے خریدی جائیں گی۔ کراچی آپریشن مربوط بنانے کے لئے ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کو فعال بنانے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی غرض سے پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے سفارشات بھیجی ہیں۔ مکتوب میں کراچی پولیس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کراچی پولیس شہر میں امن و امان قائم کرنے کی اہم ذمے داری پوری کرنے کے لئے کوشاں ہے جبکہ شہر کی اہم شخصیات کو بھی بھرپور تحفظ فراہم کرتی ہے جس کی وجہ سے نفری میں کمی کا بھی سامنا ہے۔علاوہ ازیں غلام قادر تھیبو نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن کو ایک سال ہو گیا وفاق سے فنڈز نہیں ملے۔ اب تک 168 پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔
 

ای پیپر-دی نیشن