• news

آزاد کشمیر پولیس کے اہلکار دھرنا ڈیوٹی سے تنگ آگئے، واپس بلانے کا مطالبہ

مظفرآباد(ثناءنیوز)اسلام آباد میں دھرنوں سے نمٹنے کیلئے آزاد کشمیر سے بلائے گئے دو ہزار پولیس اہلکار نا مناسب سہولیات اور بے آرامی کے باعث بیمار پڑگئے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے اگر ہمیں دو دن میں آزاد کشمیر واپس نہ بلایا گیا تو بغیر چھٹی خود واپس آ جائینگے۔ رات کو سونے کیلئے مناسب جگہ نہیں۔ باسی کھانے اور بغیر فلٹر پانی استعمال کر کے کئی اہلکار ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ پنجاب اور وفاقی پولیس کو راولپنڈی اور دیگر قریبی علاقوں میں آرام کرنے کیلئے جگہ دستیاب ہے جبکہ آزاد کشمیر پولیس کو سکولوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس فی الفور نوٹس لے کر ہمیں واپس بلائیں۔ آزاد کشمیر پولیس کو وفاقی حکومت کی درخواست پر 10 اگست کو اسلام آباد طلب کیا گیا تھا۔ آئی جی آزاد کشمیر نے ابتدا میں ایک ہزار جوانوں کو اسلام آباد بھیجا عموماً خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پولیس ایک ہفتے کے اندر واپس آ جائے گی مگر ایسا نہ ہو سکا۔ چند پولیس اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرخود رابطہ کرکے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں ڈیوٹی سے تنگ آ چکے ہیں۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ آپ کو ایک ہفتے کیلئے لایا گیا ہے، اب مہینے سے بھی اوپر وقت گزر چکا ہے، تمام اہلکار بیمار پڑ چکے ہیں جنہیں علاج معالجہ کی سہولیات تو دستیاب ہیں مگر چھٹی کی اجازت نہیں۔ جبکہ ڈاکٹرز میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں دے رہے جنہیں وفاقی حکومت نے منع کردیا ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں پولیس کے لئے کوئی ایسا معاملہ نہیں۔ انہیں علاج، کھانے پینے اور رہائش کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔
آزاد کشمیر پولیس

ای پیپر-دی نیشن