پاکستانی تاجروں کی بھارتی عہدیداروں سے ملاقاتیں‘ سرحد پر مشترکہ ڈسپلے مرکز بنانے پر اتفاق
نئی دہلی (اے پی اے) نئی دہلی میں ’عالیشان پاکستان‘ لائف سٹائل نمائش کا تیسرا روز شائقین کی توجہ کا مرکز رہا، شہریوں نے پاکستانی ملبوسات کی خریداری میں دن گزارا۔ نمائش میں شریک بھارتی شہریوں کا کہنا ہے جس طرح پاکستانی شہریوں کو انڈین ساڑھیاں پسند ہیں اسی طرح وہ بھی جدید پاکستانی ملبوسات کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تعلقات بڑھانے کے لیے نمائش کے انعقاد کا سہرا ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سر ہے، ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے بتایا بھارت کے تجارتی حلقے اس سرگرمی کو مثبت نگاہ سے دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ بھی یہی سمجھتے ہیں تعلقات بہتر کرنے کا سب سے اہم ذریعہ تجارت ہے۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے چیئرمین سنیل کانٹ اور جوائنٹ سیکرٹری راجیش مینن سے پاکستانی تاجروں کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کی سرحد پر جوائنٹ ڈسپلے اور میٹنگ سینٹر کے قیام کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جہاں صرف دونوں طرف کے تاجر ویزے کی شرط کے بغیر ایک دوسرے سے ملاقات کر سکیں گے اور وہاں مصنوعات دکھانے کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ تقریب میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے بتایا دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں تجارت اہم کردار ادا کر رہی ہے، امید ہے ڈائیلاگ دوبارہ شروع ہوں گے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آ سکیں گے۔
پاکستانی تاجر