• news

بھارت نے پاکستان کیخلاف واٹر بم استعمال کرنے کی حکمت عملی اپنائی‘ جواب نہ دینا مجرمانہ غفلت ہے: صلاح الدین

اسلام آباد(آن لائن)متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے عالمی برادری باالخصوص مسلم امہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے بدترین سیلاب میں محصورکشمیری عوام کی مدد اور ریلیف کیلئے کوئی اقدام نہ اٹھایا تو لاکھوں انسانی جانیں ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ بھارت نے پانی ذخیرہ کرکے پاکستان کی طرف چھوڑ دیا جوسیلاب کی صورت میں تباہی کا باعث بنا۔ دراصل بھارت نے پاکستان کیخلاف واٹر بم استعمال کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے اور پاکستان کی طرف سے بھارت کی اس کارروائی کا جواب نہ دینا مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے جہادی قیادت کی طرف سے حریت پسندوں اور مجاہدین سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی تباہ  کار  یوں کے باعث اپنی عسکری کارروائیاں معطل کرکے اپنی پوری توجہ‘ وسائل اور توانائی اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے وقف کریں۔ متحدہ جہاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ حالیہ ملک گیر اور ریاست گیر موسلادھار بارشوں سے سیلاب نے مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے ہزاروں دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔  لوگوں کی رہائشگاہیں پانی کی نذر ہوچکی ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے ہیں۔ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے اس نوعیت کا کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب آیا ہے۔  یہ صورتحال عالمی دنیا باالخصوص مسلم امہ کی توجہ چاہتی ہے۔ عالمی دنیا خاص کر او آئی سی اور عرب لیگ کو بھارتی ظلم و تشدد کا شکار پہلے سے ستم ظریفہ اور زخم رسیدہ کشمیری عوام کی مدد اور ریلیف کیلئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شروع میں جو ریاست کا فضائی دورہ کیا اور 100 ہزار  کروڑ ریلیف پیکج کا جو اعلان کیا تھا وہ محض مگرمچھ کے آنسو ہیں حقیقت اس کے برعکس ہے۔ نہتے کشمیری عوام کو انہوں نے بے یارومددگار چھوڑدیا ہے۔ اس وقت ریاست میں  قحط جیسی صورتحال ہے اور وبائی امراض میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ان حالات میں حکومت پاکستان کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وزارت خارجہ اور فارن مشنز کو ضرورت سے زیادہ متحرک کرے اور پوری دنیا خاص کر مسلم امہ کو کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں بارے متحرک کرے۔ عالمی برادری کو بھارت کی ہٹ دھرمی کا توڑ کرنا چاہئے تاکہ وہ عالمی اداروں کو ریاست میں ریلیف کارروائیوں کی اجازت دے۔ حکومت پاکستان اور ادارے متحرک ہوکر نہتے کشمیری عوام کیساتھ ہمدردی اور عملی اقدامات میں مصروف ہوجائیں۔ پاکستانی میڈیا اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ان لاکھوں عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جو اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کررہے ہیں تاہم انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس وقت سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کیلئے متحد ہوجائیں۔ اس وقت دھرنوں یا انقلاب کا وقت نہیں اور نہ ہی انتخابی اصلاحات کا وقت ہے۔  پوری قیادت  متحد ہو  کر مصیبت زدہ عوام کی مددکرے۔

ای پیپر-دی نیشن