پاکستان‘ افغانستان کے عسکریت پسندگروپ مغرب کیلئے داعش سے زیادہ خطرناک ہیں: امریکی حکام ارکان کانگریس
واشنگٹن (این این آئی) امریکی حکام و ارکان کانگریس نے پاکستان اور افغانستان کے عسکریت پسند گروپ کو مغرب کیلئے داعش سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق خراسانی گروپ طیاروں کو بم سے اڑانا چاہتا ہے، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے خراسانی طالبان القاعدہ سے مل گئے ہیں۔ وہ شام میں لڑائی لڑنے کے بجائے القاعدہ کے بم بنانے والے ماہرین سے بم بنانے کی تربیت لے رہے ہیں۔ خراسانی گروپ کے ارکان شام سے یورپ جا پہنچے ہیں اور خفیہ بموں کے ذریعے طیارے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ خراسانی گروپ نے دو ہزار بارہ میں پرنٹر کی کارٹرج میں بم چھپا کر امریکی طیارہ اڑانے کی کوشش کی اور متعدد بار بم چھپا کر ائرپورٹ سکیورٹی سے گزرنے کی کوشش کی اب اس گروپ کی کوشش ہے کہ ایسا خفیہ بم بنایا جائے۔ جو ائرپورٹ سکیورٹی سے پار کر کے طیارے کو اڑایا جائے۔ ارکان کانگریس نے نام ظاہر نہ کرنے پر خراسانی گروپ کی تصدیق کی۔ جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اپنی رپورٹ میں انتباہ کیا کہ عراق اور شام میں داعش سے زیادہ خطرناک خراسانی گروپ ہے اور یہ گروپ دھماکوں سے طیارے اڑا سکتا ہے۔