کالاباغ سمیت تمام ڈیمز ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کئے جائیں: سمیع الحق
سرگودھا (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی قائد سابق سینٹر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کالاباغ ڈیم تعمیر نہ ہونے سے اربوں روپے مالیت کا نہ صرف میٹھا پانی ضائع ہورہا ہے بلکہ سیلابی صورتحال میں حکومت کےساتھ ساتھ عوام کا اربوں روپے مالیت کا نقصان ہورہا ہے ۔اس کے علاوہ ہر سال کئی قیمتی جانیں سیلابی پانی کی نذر ہوجاتی ہیں ،جب تک مفاد پرستی کی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں نہیں سوچا جائیگا اس وقت تک ملک دشمن بھارت ہم پر کبھی فوجی اور کبھی آبی جارحیت کرتا رہے گا اس کا واحد حل یہ ہے کہ کالاباغ سمیت تمام ڈیمز ترجیحی بنیادوں پر قائم کئے جائیں اور ڈیمز کے مسئلے پر کسی قسم کی سیاست کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سرگودھا کے عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ا انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم سے نوشہرہ اور میرے آبائی شہر اکوڑہ خٹک کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا مگر ملکی مفاد میں ہم یہ برداشت کرنے کو تیار ہیں اس سے نہ صرف توانائی کا بحران ختم ہوگا بلکہ ملک میں معاشی خوشحالی بھی آئیگی انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سے میں واحد ممبر تھا جس نے اسمبلی فلور پر کالاباغ ڈیم بنانے کی حمایت کی۔