• news

جاوید ہاشمی کے استعفے سے خالی حلقہ این اے 149 میں پولنگ 16اکتوبر کو ہو گی

اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے استعفے سے خالی ہونے والے ملتان کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا‘ 16 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔ پیر کو الیکشن کمشن سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق این اے 149 میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 22 اور 23 ستمبر کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے‘ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 اور 25 ستمبر کو ہوگی۔ 30 ستمبر کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست یکم اکتوبر کو جاری کردی جائے گی۔ 16 اکتوبر کو حلقے کے رائے دہندگان اپنے ووٹ کا استعمال کرسکیں گے۔ حکمران مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کیخلاف ضمنی انتخاب میں امیدوار کھڑے نہ کرنے کا فیصلہ‘ تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کو بطور امیدوار کھڑا کرے گی۔ پیر کو ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی طے شدہ حکمت عملی کے تحت این اے 149 میں 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں جاوید ہاشمی کے مدمقابل اپنے امیدوار کھڑا نہیں کریں گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے خود ٹیلیفون کرکے جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے ایک پیغام رساں کے ذریعے جاوید ہاشمی کو اس فیصلہ سے آگاہ کر رکھا ہے کہ ان کی جماعتیں ضمنی انتخابات میں ان کی حمایت کریں گی۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اپنے بیٹے زین قریشی کو جاوید ہاشمی کے مقابل لانے کیلئے کہا ہے ۔

پولنگ 16 اکتوبر کو ہو گی

ای پیپر-دی نیشن