آرمی چیف سے ایساف کے نئے کمانڈر کی ملاقات،جرمنی کے نائب وزیر خارجہ بھی ملے
راولپنڈی (وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ایساف کے نئے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی، پاک افغان سرحد پر تعاون، افغانستان کی صورتحال اور جاری آپریشن ضرب عضب سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عالمی سکیورٹی اتحادی فوج (ایساف) کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جس میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور افغانستان میں تازہ ترین صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے ایساف کی کمان سنبھالنے کے بعد جان ایف کیمبل نے پہلی مرتبہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں جرمنی کے نائب وزیر خارجہ ماکس لیڈرر نے آرمی چیف راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب پر بات کی گئی۔
آرمی چیف ملاقات