بائولنگ ایکشن کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں، ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں واپس آئوں گا: سعید اجمل
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) دنیا کے بہترین آف سپنر سعید اجمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے 2015ء عالمی کپ سے پہلے واپسی کی خوشخبری بھی سنائی۔ آف سپنر کا کہنا تھا کہ باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں، ہاں دکھ ضرور ہوا ہے۔ میری قوم کو بھی دکھ ہوا ہے۔ سعید اجمل نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ان سے بھی اچھے گیند باز موجود ہیں۔ مستقل میں موقع ملنے پر وہ بھی ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی اصلاح کیلئے کوالیفائیڈ، تجربہ کار اور پیشہ ور ڈاکٹر یعنی ’’کوچز‘‘ موجود ہیں جو ہر مشکل وقت میں کھلاڑیوں کی اصلاح کیلئے موجود ہوتے ہیں۔ اب ان کو دنیا کے نمبر ون آف سپنر کی ’’بازو‘‘ کو گھمانے اور درست زاوئیے پر لانے کا ٹارگٹ ملا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اصلاحی مرکز یعنی نیشنل کرکٹ اکیڈمی جیسے ماضی کے کرکٹ بورڈ کے حکمران اور مقامی کرکٹ آرگنائزر سفید ہاتھی قرار دے چکے ہیں۔ اس نئے ہدف میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔ سعید اجمل کے بازو میں ’غیرقانونی‘‘ خم کو ختم کرنے میں کامیابی سے قومی کرکٹرز کے اصلاحی مرکز کی نیک نامی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ سعید اجمل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام شروع کر دیا ہے۔ ’’دوسرا‘‘ کے موجد ثقلین مشتاق جلد وطن پہنچ جائیں گے۔