• news

سیلاب میں پھنسے کشمیریوں کا بھارجی فوج کی امداد لینے سے انکار، ہیلی کاپٹروں پر پتھرائو، مظاہرہ

سرینگر(اے این این+این این آئی) ’’ہمیں آپ کاہاتھ نہیں چاہیے‘‘،مقبوضہ کشمیر میں  تباہ کن سیلاب میں پھنسے کشمیریوں نے بھارتی فوج کی امداد لینے سے انکار کر دیا اور  بعض مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے بھارتی فوجی ہیلی کاپٹروں اورکشتیوں پرپتھراؤ کرنے کیساتھ نعرے بازی بھی کی گئی اور مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں سیلاب میں پھنسے شہریوں نے بھارتی فوج اورحکومت کی جانب سے ناقص امدادی کارروائیوں پرشدید غم و غصے کا اظہارکیا ،  بعض علاقوں میں لوگوں نے فوج کی مددلینے سے انکارکردیا۔  شہریوں کاموقف ہے کہ وہ بھارتی فوج کی مدد نہیں چاہتے ۔فوج جو امداد دے رہی ہے وہ انتہائی ناقص اور گلی سڑی ہیں ۔ہمیں ایسی امداد کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں سیلابی صورتحال جوں کی توں ہے ۔کئی علاقے ابھی تک زیر آب ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے 14بچوں سمیت 43لاشیں برآمد  ہوئی ہیں ۔ادھرمقبوضہ کشمیرمیں سیلاب،سکھوں نے مساجد،مسلمانوں نے گردواروں میں پناہ لے لی ۔میڈیارپورٹ کے مطابق  جموں وکشمیر میں سیلاب آنے کے بعد وزیر باغ علاقے میں پندرہ سالہ عبدالرحمن اپنے خاندان کے ساتھ ایک گرودوارے میں رہ رہا ہے، متاثرین کے لئے گرودوارے اور مساجد میں بنائے جارہے عارضی پناہ گاہ کے ساتھ ہی تباہی نے لوگوں کو مذہب سے ہٹ کر متحد کردیا ۔عبدالرحمن  نے کہاکہ کچھ کارکنوں نے ہمیں ہمارے گھر سے نکالا جس کے بعد   ہم شہید بگا گردوارے میں رہ رہے ہیں ہم لنگر میں کھاناکھاتے ہیں اور گرودوارا کے اہم ہال میں سوتے ہیں۔گزشتہ سات دن سے تقریباً2000 سکھ، مسلم اور ہندو خاندان گرودوارے میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ گرودوارے سے کچھ میٹر دور ایک مقامی مسجد میں راحت کیمپ بنایاگیا   جہاں ملک کے مختلف علاقے سے بڑی تعداد میں آئے منتقل مزدوروں سمیت قریب پانچ خاندان رہ رہے ہیں۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر کے رہائشی محمد سلمان نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر چھوٹی کشتی کی مدد سے سرینگر کے علاقے جواہر نگر میں 150 سے زائد افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر ان کی زندگیاں بچا لیں اطلاعات کے مطابق جواہر نگر کے رہائشی میر نظام الدین نے سلمان کے بارے میں صحافیوں کو بتاتے ہوئے کہاکہ اس نڈر نوجوان نے اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر گہرے پانی سے خواتین ، بچوں اور معمر افراد سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔ رام بن،جواہر نگر بند پر ڈیوٹی پر تعینات ایک بھارتی فوجی نے جسے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں تھی نے کہا کہ لوگوں میں بھارتی فوج کیخلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے اورٹی وی چینلزکی طرف سے امدادی کارروائیوں سے فوج کی لاتعلقی کو اجاگر کرنے کے بعد کشمیریوںکی نفرت میں مذید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے لوگوں کو بچانے کیلئے تھوڑی بہت کوشش کی ہے تاہم مقامی لوگوں کی نسبت ان کی کوششیں ناکافی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن