• news

افغانستان: نیٹو قافلے پر خودکش حملہ‘ ایک پولش‘ 2 امریکی فوجی ہلاک

کابل (اے ایف پی + رائٹرز + آن لائن)  کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب نیٹو فوج کے قافلے  پر طالبان  کے خودکش  کار بم حملے میں ایک پولش‘ 2 امریکی فوجی ہلاک اور 16 افغان شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 پولش فوجی بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد امریکی  سفارتخانے  میں الرٹ  جاری کر دیا گیا۔  فرانسیسی  خبررساں ادارے کے مطابق  گزشتہ روز افغانستان  کے دارالحکومت  کابل میں ائر پورٹ جانیوالی  مصروف ترین شاہراہ  پر امریکی سفارتخانے  اور سپریم کورٹ کے قریب کار سوار خودکش  بمبار نے نیٹو فورسز کے قافلے  پر حملہ کر دیا جس کے نتیجہ  میں نیٹو کی  ایک گاڑی سمیت 17 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ دھماکہ  اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے  ٹوٹ گئے اور  فضا  میں  دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل چھا گئے۔ پولیس ترجمان حشمت شنگزئی  کے مطابق 13 سویلین زخمی ہوئے اور 17 عام گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ طالبان ترجمان نے کہا ہمارے مجاہد بلال نے یہ دھماکہ کیا ہے۔ افغانستان میں طالبان جنگجو نے نیٹو کو تیل فراہم کرنے والے ٹینکرز اور ٹرکوں پر حملہ کرکے ان کو نذر آتش کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے ملحقہ سرحد کے قریب افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں طالبان جنگجوئوں نے آئل ٹینکرز قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کئی ٹینکرز اور ٹرکوں کو آگ لگ گئی۔ نیٹو حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند شرپسندوں نے آئل ٹینکرز اور خالی ٹرکوں پر حملہ کرکے ان کو نذر آتش کردیا ہے۔ واقع میں ملوث دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن