• news

جمہوری تسلسل ضروری ہے، پاکستان میں جاری سیاسی بحران مستحکم ہوتی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے: صدر ایشیائی بنک

اسلام آباد (اے ایف پی+ ایجنسیاں) ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکی ہیکو ناکاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام ضروری ہے پاکستان میں جاری سیاسی بحران ملک کی مستحکم ہوتی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام سے مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو بڑھ رہی ہے، افراط زر پر بہتر طریقے سے قابو پایا گیا ہے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر م یں ا ضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ ایکسچینج ریٹ بھی مستحکم ہوئے جو حکومت کی قابل ذکر کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کیلئے اہم چیز جمہوری تسلسل ہے اور مجھے پچھلے برس پاکستان میں انتخابات کے ذریعے پرامن انتقال اقتدار پر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی بحران زیادہ عرصہ جاری رہا تو اسکا ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچ سکتا ہے اور اگر یہ جلد ہی خ تم کر لیا گیا تو نقصان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ایشیائی بنک جو پاکستان کو اگلے 5 برسوں کے دوران 5 ارب ڈالر کا قرضہ دیگا، سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگائے جانے کے بعد سیلاب زدگان کیلئے امداد میں اضافہ کریگا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی پہلے سے بہتر تعمیر کی کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میری صدر، وزیراعظم پاکستان سے اور گورنر سٹیٹ بنک سے ملاقاتیں مفید رہیں۔ ہمیں پنجاب میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات پر بہت افسوس ہے اس مشکل گھڑی میں ایشیائی بنک پاکستانی عوام کی مدد اور تعاون جاری رکھے گا۔ پاکستان کو مزید براہ راست سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 ارب 40 کروڑ ڈالر دیامر بھاشا ڈیم جبکہ 13 ارب ڈالر داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے درکار ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دھرنوں سے معیشت دائو پر لگی ہے مزید ڈرامے کی مہلت نہیں دے سکتے۔ قادری اور عمران خان خدارا قوم پر رحم کریں، دیامر بھاشا ڈیم کیلئے بھارت سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں، ڈیم پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ، سیلاب زدگان اور آئی ڈی پیز کی تعمیرنو بحالی کیلئے عالمی امداد لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے مفید نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کیخلاف ہیں ہم اس لئے احتجاجی دھرنوں پر طاقت استعمال نہیں کررہے جنہوں نے بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا رکھا ہے ایشیائی ترقیاتی بینک جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے فنڈز فراہم کریگا حویلیاں، مانسہرہ ایکسپریس وے کیلئے بینک 200 ملین ڈالر دیگا، دیامر بھاشا ڈیم پر بھی بات چیت ہوئی ہے ایشیائی ترقیاتی بینک اس ڈیم میں دلچسپی لے رہا ہے جس سے 4500 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور 1.3 ٹریلین مکعب فٹ پانی ذخیرہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو واشنگٹن میں عالمی سرمایہ کاری بزنس کانفرنس میں دیامر بھاشا اور داسو ڈیم دونوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ دیامر بھاشا ڈیم ہر صورت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا دھرنوں سے ہمارے وصولیوں کے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر پھنسے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی قسط بھی نہیں مل رہی دھرنوں والے خدارا قوم پر رحم کریں دھرنے معیشت کو لے ڈوبے گے۔ موڈیز نے بھی کہا ہے کہ سیاسی استحکام لازمی ہے۔ دھرنے غیر آئینی غیر قانونی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حالیہ سیلابوں، دھرنوں اور شمالی وزیرستان کے بے گر افراد کے باعث معیثت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والوں کو چاہئے کہ وہ ملک پر رحم کریں اور دھرنوں کو کہیں اور منتقل کریں کیونکہ ملک اس سے زیادہ نقصانات کا متحمل نہیںہو سکتا تاہم اگر دھرنے ختم ہو جائیں اور سیلاب سے ہونیوالے نقصانات سے بہتر انداز میں نمٹا جائے تو پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکی ہیکواکاؤ  نے ایوان وزیراعظم میں وزیر اعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان شراکت داری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال اور حکومت کی گزشتہ ایک سالہ معاشی پالیسیوں، پاکستانی میں معاشی بہتری سمیت دیگر اصلاحات پر غوروحوض کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ شراکت داری مستقبل میں بھی جاری رہے گی جبکہ صدر ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان میں آنیوالی حالیہ سیلاب میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں میں انفراسٹکچر کی بحالی سے لیکر ہر قسم کی امدادی معاونت فراہم کی جائیگی اور پاکستانی عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امسال اور گزشتہ برس بجٹ خسارے کو کم کر کے، مہنگائی کو قابل کنٹرول سطح پر رکھ کر اور زر مبادلہ کے ذخائر کو بڑھا کر ملک میں میکرواکنامک کی کاکردگی کو بہتر بنایا ہے جس سے مجموعی طور پر پاکستان کی معاشی حالت میں مثبت اور اچھی تبدیلیاں آئی ہیں جن کو جاری رکھ کر پاکستان جلد ایک بڑی معیشت بن سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف ادارہ جاتی ڈھانچے میں بہتر ی لاکر بجلی کی پیدا وار بڑھانے اور مناسب نرخوں پر عوام کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے اس شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا معاشی کامیابیوں کے لئے پاکستان کو ٹیکس کی وصولیوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم پر زیادہ سے زیادہ خرچ کرنا ہوگااور ملک میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول کو کسی بھی صورت ساز گار بنانا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان ہونے والے مختلف معاہدوں کی تقریب میں شرکت کے علاوہ پاکستان فلیگ شپ سوشل سیفٹی نیٹ سے مستفید ہونے والوں سے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن