• news

تحریک انصاف کا میوزیکل شو سیلاب زدگان کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے: زعیم قادری

لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ سیلاب کے حوالے سے اپوزیشن کا وائٹ پیپر جھوٹ کا ایک اور پلندہ ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کا کام صرف الزام تراشی رہ گیا ہے۔ سیلاب زدگان کی امداد کی بجائے میوزیکل شو کا اہتمام کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور روزانہ میوزیکل شو پر 3کروڑ صرف کرنے کی بجائے اس کا کم از کم 10فیصد ہی سیلاب زدگان کے لئے وقف کر دیں۔ محمودالرشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو مصیبت کی گھڑی میں بھی سیاست کی پڑی ہے اور ان کا بلاناغہ میوزیکل شو کا اہتمام سیلاب زدگان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف ہمیشہ کی طرح آزمائش کی گھڑی میں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے دکھ درد میں شریک ہیں جبکہ کے پی کے وزیراعلی 34دن سے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ کر میوزیکل شو میں شریک ہیں۔ عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر دھرنوں کے بھاری اخراجات کون برداشت کررہا ہے؟

ای پیپر-دی نیشن