’’شکریہ عبدالمالک شکریہ‘‘ ’’شہباز شریف ورکر وزیراعلیٰ‘‘ ملتان میں چناب ریلیف کیمپ میں تقریب کی جھلکیاں
لاہور (خصوصی رپورٹر) ٭وزیراعلی محمد شہباز شریف وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ گزشتہ روز ملتان میں چناب ریلیف کیمپ پہنچے تو وہاں موجود لوگوں نے واشگاف نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ ٭ وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے 10 کروڑ روپے کی امدادی رقم کے اعلان پر فضا ’’شکریہ عبدالمالک ، شکریہ عبدالمالک‘‘ کے نعروں سے تادیرگونجتی رہی۔ ٭ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی محنت اور کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ورکر وزیراعلی قرار دیا اورکہا میں اپنے پنجابی بہن بھائیوں کی خدمت کے لئے وزیراعلی پنجاب کے ساتھ مل کر دوڑ دھوپ کرنے کے لئے تیار ہوں۔ ٭ اجتماع سے وزیراعلی بلوچستان کے ہمراہ آئے صوبائی وزراء سرفراز بگٹی اور عبدالرحیم زیارت وال نے خطاب کیا۔ ٭ تقریب کے اختتام پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دونوں صوبوں کے وزراء نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے لگائے۔