شہباز شریف کا حافظ آباد اور اوچ شریف میں سیلاب زدگان کو اچھا کھانا نہ ملنے کی خبروں کا نوٹس، قاسم بیلہ میں جہیز دریابرد ہونیوالی بچیوں کے والدین کو امدادی چیک دیئے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے حافظ آباد اور اوچ شریف میں سیلاب زدگان کو اچھا کھانا نہ ملنے سے متعلق میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو ہر صورت معیاری کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ متاثرین کو اچھا کھانا نہ ملنے پر انتظامیہ کی خیر نہیں ہوگی۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے گزشتہ روز ملتان کے علاقے قاسم بیلہ کا دورہ کیا اورامدادی کیمپ میں متاثرین سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے دور ے کے دوران ان 2بچیوں اور والدین سے ملاقات کی جن کاجہیز سیلابی پانی میں بہہ گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے سیلابی پانی میں جہیز دریابرد ہونے والی 2بچیوں شازیہ اورنادیہ کے والدین کو مالی امداد کے چیک دیئے۔ والدین اور بچیوں نے وزیراعلیٰ کو ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ ہی ہمارے دکھوں کا مداوا کرسکتا تھا۔