پولیو کے 13نئے کیس سامنے، لاہور کے14ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق
لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نیٹ نیوز) وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں اور قبائلی علاقوں سے ایک ہی دن میں پولیو کے 13نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی اس سال ملک بھر میں پولیو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 158تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ای پی آئی منیجر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں 13بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی۔ ان میں 7کیسز فاٹا،3 کا تعلق خیبر پی کے جبکہ ایک ایک بلوچستان پنجاب اور سندھ سے سامنے آیا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ دو برسوں یعنی 2012ء اور 2013ء میں پولیو کے کل 151کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال میں 9مہینوں کے دوران اب تک یہ تعداد 158تک پہنچ چکی ہے۔ دریں اثناء پنجاب سے لئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں سے 18ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ لاہور سے پولیو وائرس کے14ماحولیاتی نمونے مثبت آئے جن میں گلشن راوی کے پمپنگ سٹیشن سے 2، آئوٹ فال پمپ سٹیشن ایف سے 4، آئوٹ فال پمپ سٹیشن سے جی 4 ،آئوٹ فال پمپ ایچ سے 4 نمونے مثبت آچکے ہیں جبکہ ملتان سے ایک جبکہ راولپنڈی سے3نمونے مثبت آئے۔ دریں اثنا تحصیل دریا خان کی 18 ماہ کی بچی کبریٰ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جس کے بعد صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔