• news

عمران ! ہم لوہے کے چنے ہیں، چبانے کی کوشش کی تو دانت ٹوٹ جائینگے: سعد رفیق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے دھرنے کو ناچ گانوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی۔ تین سربراہان مملکت پاکستان کا دورہ ملتوی کر چکے ہیں۔ گذشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدلیہ پر الزام لگانے والے کس منہ سے عدلیہ سے انصاف کی توقع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ کے پڑھے ہوئے عمران خان تھڑا چھاپ جیسی گفتگو کرتے ہیں۔ عمران خان گرفتار ہونا چاہتے ہیں مگر حکومت ان کی یہ خواہش پوری نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے نواز شریف کا استعفٰی مانگ رہے تھے اب آئی جی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ہم لوہے کے چنے ہیں چبانے کی کوشش کی تو دانت ٹوٹ جائیں گے۔ عمران خان انوکھے لاڈلے ہیں اس لئے جب چاہیں تھانے پر دھاوا بول دیں۔ ہماری بوٹیاں نوچنا اتنا آسان نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن