سیلاب متاثر ین کی اختلافات سے بالا تر ہو کر خدمت کرنی چاہئے: خورشید شاہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) اختلافات سے بالاتر ہو کر متاثرین سیلاب اور آئی ڈی پیز کی خدمت اور مدد کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت ختم ہو جائے گی تو سیاست بھی ہوتی رہے گی۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکریٹریٹ میں متاثرین سیلاب اور آئی ڈی پیز کیلئے امدادی سامان بھیجنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سوشل ویلفیئر ونگ قائم کر دیا ہے جس کے صدر زمرد خان بنائے گئے ہیں۔ پارٹی کی قیادت کی ہدایت کے تحت میرے سمیت سابق وزراء اراکین پارلیمنٹ اس میں بطور کارکن کام کریں گے۔ پنجاب میں متاثرین سیلاب کے جو حالات ہیں ان پر ہمیں بہت افسوس ہے۔ حکومت کافرض ہے کہ وہ متاثرین کی فوری مدد کرے مگر اسکے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کرنے والے غیرحکومتی اداروں کو بھی میدان میں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عنقریب متاثرین سیلاب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔
خورشید شاہ