بجلی مزید مہنگی‘ بلوں میں سیلز‘ انکم اور دیگر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا
لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت نے عوام پر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے جس سے بجلی مزید مہنگی ہو گئی ہے۔ صارفین کے بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکس عائد کر دئیے گئے ہیں۔ 20 ہزار روپے سے زائد کی بجلی استعمال کرنے والے کمرشل صارفین سے 5 سے 7 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ایک لاکھ روپے تک کی بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر 10 فیصد انکم ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ رواں ماہ کے بلوں میں یہ اضافی ٹیکس لاگو ہو جائیں گے۔ جس سے اوسطاً بجلی کے بلوں پر 4 سو روپے سے 40 ہزار روپے تک کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق نئے اضافی ٹیکسوں کے ساتھ بل صارفین کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ٹیکسز کی مد میں عوام سے وصول کیا جانے والا اضافی بل ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اضافی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ بڑھتے ہوئے سرکلر ڈیٹ سے نمٹنے کے لئے کیا گیا ہے۔