• news

مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، 14 اکتوبر کو ہر صورت پیش ہوں: سیشن عدالت

اسلام آباد ( اے این این ) غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، عدالت کا آئندہ سماعت پرہرصورت پیش ہونے کا حکم۔ جمعرات کوغازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی عدالت میں ہوئی۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ،درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی۔ میڈیکل رپورٹ ڈاکٹر امتیاز ہاشمی نے جاری کی تھی۔رپورٹ میں بتایاگیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو کمر کی تکلیف ہے اس لئے ایک ماہ کے لئے گھر سے باہر جانے کے بجائے آرام کریں۔استغاثہ کے وکیل عبدالحق نے اعتراض کیا اور کہاکہ اس میڈیکل رپورٹ کی سرکاری سطح پر کوئی حیثیت نہیں۔ رپورٹ میں یہ نہیں بتایاگیا کہ سابق صدر  کس ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ مشرف بے گناہ ہیں۔ پولیس اپنے چالان میں بے گناہ لکھ چکی ہے۔عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔اگر پرویزمشرف پیش نہ ہوئے تو ضمانتیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔کیس کی مزید سماعت14 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن