• news

کل گو نواز گو ڈے منانے کا اعلان‘ پی ٹی وی پر حملہ اس کے ملازمین نے کیا: طاہر القادری

اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر طاہرالقادری نے کل ہفتے کو گو نواز گو ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ جیل میں ہمارے کارکن سے ڈیڑھ ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا، ملک بھر سے دادرسی کیلئے عوام انقلاب مارچ میں آ رہے ہیں، انقلاب مارچ وہ جگہ ہے جہاں ظلم کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے۔ انقلاب مارچ میں وہ لوگ شریک ہیں جن کی آواز سننے والا کوئی نہیں اس نے لوگوں کے دلوں میں شمع روشن کی، انقلاب مارچ کی بدولت ٹریفک وارڈن نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے کا چالان کیا۔ انقلاب لوگوں کے ذہنوں اور سوچوں میں آ چکا ہے۔ عدالتوں میں انقلاب کا آغاز ہو گیا ابھی مزید بہت کچھ ہونا باقی ہے۔ شریف برادران مستعفی ہو کر انقلاب مارچ میں آئیں اور موجودہ نظام کے خلاف جہاد کریں۔ پولیس ہمارے کارکنوں پر تشدد کر رہی ہے۔ ہم پر الزام لگایا کہ پی ٹی وی پر حملہ ہم نے کیا جبکہ مجھ جیسے شخص کو بھی نہیں پتہ کہ پی ٹی وی کی نشریات کہاں سے بند ہونگی۔ میرے کارکنوں کو کس طرح سے اس چیز کا علم ہو گا نشریات بند کرنے والے ن لیگ کے اپنے تربیت یافتہ لوگ تھے جنہوں نے فساد پھیلانے کیلئے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ اگر انقلابی پی ٹی وی میں گئے ہوتے تو سب کچھ برباد کر دیتے۔ پی ٹی وی پر حملہ حکومتی وزرا نے کیا۔  حکمران صرف اپنی جیبیں بھر رہے ہیں، عوام کے مسائل کی طرف ان کی کوئی توجہ نہیں، موجودہ نظام سے تنگ آ کر وزارت داخلہ کا ایک اہلکار بھی استعفیٰ دے کر مارچ میں شریک ہو گیا ہے۔ اہلکار نے میڈیا پر اپنے استعفے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب قریب ہے اور بہت جلد حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ حکمران نہیں جانتے کہ اگر غریب اٹھا تو موجودہ کرپٹ حکومتی نظام کے پرخچے اڑ جائیں گے۔ 1988ء میں نواز شریف ہر اچھائی کے کام میں میرے ساتھ شریک ہوتا تھا۔ شریف برادران راتوں کو میرے ساتھ جاگ کر رو رو کر دعائیں مانگا کرتے تھے۔ حکمرانوں نے لوٹ مار کو جمہوریت کا نام دے رکھا ہے، شریف برادران نے دورہ امریکہ کیلئے جیب خرچ پانچ کروڑ روپے مانگے ہیں۔ عوام پر ظلم کیا گیا، میڈیکل رپورٹ پر مقدمات درج کرائیں گے، انسانی حقوق کے ادارے کہاں تھے جب عوام پر ظلم کیا گیا۔ علاوہ ازیں طاہرالقادری نے پاکستان ٹیلیویژن پر حملہ کرنے والے 6 افراد کی شناخت کرتے ہوئے حکومت سے 6 لاکھ روپے انعام کا مطالبہ کر دیا۔ تصاویر کی شناخت کرتے ہوئے انہوں نے 6 افراد کے بارے میں بتایا کہ یہ لوگ پی ٹی وی میں کام کرنے والے ہیں اور اس وقت حاضر ڈیوٹی ہیں۔ حکومت نے ایک شخص کی شناخت پر ایک لاکھ انعام رکھا ہے۔ میں نے چھ افراد کی شناخت کی ہے، حکومت کل تک چھ لاکھ روپے ہمارے لنگر میں شامل کر دے تو باقی کی شناخت بھی میں کر دوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن