• news

بلاول کا چنیوٹ، بھوانہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، پانی میں اتر گئے

چنیوٹ + لاہور + سکھر (نامہ نگاران + خبر نگار + نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز چنیوٹ اور بھوانہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ اس مصیبت کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے متاثرہ افراد کو ہرممکن تسلی دی۔ وہ عوامی اجتماع سے خطاب نہ کرسکے ان کی گاڑی دلدل میں پھنس گئی اور وہ پیدل ہی علاقے کے دورہ پر چل پڑے اور راستے میں سیلاب کے پانی میں بھی اتر گئے۔ وہ خطاب کئے بغیر ہیلی کاپٹر پر واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو جوکہ اچانک بھوانہ کے سیلاب سے متاثرہ افراد اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا منظر دیکھنے کیلئے جامعہ آباد کے قریب ہیلی کاپٹر پر اترے اور وہاں سے گاڑی میں سوار ہوکر متاثرہ علاقوں میں جارہے تھے کہ ان کی گاڑی دلدل میں پھنس گئی جہاں سے گاڑی سے نکل کر پیدل علاقہ کا دورہ کیا اور راستے میں سیلاب کے پانی میں بھی اتر گئے۔ پارٹی رہنما بھی ہمراہ تھے۔ اس دوران انہوں نے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی اس مشکل گھڑی میں ان کے مکمل ساتھ ہیں اور پارٹی کے زیر اہتمام قائم شدہ فلڈ ریلیف کیمپوں سے ان کو امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ بھی وہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں گے۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ خورشید شاہ، راجہ ریاض حسین، منظور وٹو، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور راجہ پرویز اشرف بھی تھے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر بیراج کا دورہ کیا جہاں انہیں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری سکھر بیراج پہنچے اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بلاول زرداری کو سیلاب کی صورتحال اور اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری آبپاشی بابر آفندی نے بتایا کہ سندھ میں سیلاب سے کوئی خطرہ نہیں۔ دریائے سندھ سے 5 سے 6 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرے گا، تمام بند مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 میں ٹوٹنے والے توڑی بند کی مرمت بھی کرلی گئی ہے۔ سکھر بیراج کے دورے کے بعد بلاول پنجاب روانہ ہوگئے۔ قبل ازیں بلاول بھٹوگذشتہ روز سکھر سے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے تو انکا استقبال پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو، راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ نے کیا۔ بلاول بھٹو آمد کے فوراً بعد پارٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں سیلاب زدہ علاقوں ’’چنیوٹ ‘‘کے لیے روانہ ہو گئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو تمام پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر سیلاب متاثرین کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا اور انکو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ان کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی مکمل عزت کے ساتھ بحالی کو یقینی بنائے گی۔ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد گذشتہ شام بلاول بھٹو لاہور واپس پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو آج لاہور سے ملتان روانہ ہونگے۔ جہاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مخدوم شہاب الدین، شوکت بسرا ان کا استقبال کریں گے۔ بعد ازاں بلاول بھٹو ہیڈ شیرشاہ، قاسم بیلا جائیں گے۔ بعد ازاں وہ شام کو ملتان واپس پہنچیں گے۔ این این آئی کے مطابق ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا یہ وقت سیاست، احتجاجی دھرنوں یا جلسوں کا نہیں ہے بلکہ تمام منتخب افراد سیلاب متاثرین کے پاس جائیں اور سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائی بہنوں کی مدد کریں۔ وزرائ، مشیر، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز سمیت پیپلز پارٹی کے عہدیداران کسی بھی قسم کی متنازعہ معاملات پر بیانات میں وقت ضائع نہ کریں اور وہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد میں اپنا سو فیصد وقت صرف کریں۔

ای پیپر-دی نیشن