• news

طاہر القادری نے عمران کا بھانڈ بیچ چوراہے میں پھوڑ دیا‘لندن سازش بے نقاب ہو گئی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز مسلسل15ویں روز جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، مظفرگڑھ اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا کئی گھنٹے تک دورہ کیا۔ امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے لگائے گئے ریلیف اور میڈیکل کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے علاقے موچی پورہ میں سیلاب متاثرہ افراد کیلئے قائم کیمپ میں گئے وہ متاثرین میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ شہبازشریف نے شجاع آباد، شہر سلطان، علی پور اورکوٹ مٹھن میں سیلاب زدگان اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری نے لندن میں ملاقات کے حوالے سے عمران خان کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ عمران خان آج تک کہتے رہے کہ لندن میں میری طاہرالقادری سے ملاقات نہیں ہوئی۔ طاہرالقادری یہ بھی بتا دیں وہ کون لوگ تھے جنہوں نے آپ کی ملاقات کرائی۔ پاکستانی عوام جان چکے ہیں کہ یہ ملاقات گھنائونی سازش کا حصہ تھی اور بجلی کے منصوبے لندن پلان کا سب سے بڑا ہدف تھے۔ کینیڈا کے قادری اور عمران کی ایک ماہ گزرنے کے باوجود دال نہیں گلی کیونکہ لندن پلان اب بے نقاب ہوچکا ہے اور قوم تمام حقائق سے آگاہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چین کے 9 دورے کئے، چین کے صدر نے دورہ پاکستان میں کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا تھا۔ عمران خان نے وہ کام کیا ہے جو دشمن بھی نہیں کرتے۔ کسی مجنوں کو بھی ٹیلی ویژن پر 24، 24 گھنٹے دکھایا جاتا تو وہ بھی 15، 20 ہزار افراد اسلام آباد اکٹھے کر لیتا۔ عمران خان غریبوں سے نفرت کرتے ہیں اور انہیں محنت کشوں کے پسینے کی خوشبو سے بو آتی ہے۔ عمران خان ان لوگوں میں رہنا پسند کرتے ہیں جو امپورٹڈ کپڑے پہنتے ہیں، مہنگی خوشبو لگاتے ہیں اور برانڈڈ ہینڈ بیگ پسند کرتے ہیں۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور یہی عناصر چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرانے کے ذمہ دار ہیں اور ان کا بھانڈا بیچ چوراہے میں پھوٹ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور طاہر القادری کی لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف تیار کی گئی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔ اسلام آباد میں دھرنا دینے والوںکو سیلاب زدگان کی کوئی پرواہ نہیں، عوام آئندہ انتخابات میں ان کو دریابرد کر دیں گے۔ چین کے صدر کے پاکستان کے دورے پر نہ آنے سے قوم کو دکھ ہوا اور عوام پاکستان کا دورہ ملتوی کرانے والوں سے انتقام لیں گے اور ان گھس بیٹھیوں کو کبھی قوم معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب! آج جب پورا پنجاب ڈوبا ہوا ہے، آپ سیلاب متاثرین کے ساتھ آ کر جھوٹی ہمدردی ہی کر لیتے۔ عمران خان اسلام آباد میں روز رات کو گیت سنگیت اور رقص و سرود کی محفلیں تو سجا لیتے ہیں لیکن سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نہیں پہنچتے۔ عمران خان موسیقی کی محفلیں سجا کر سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں پر پنجاب کا لوٹا ہوا پیسہ صرف کیا جارہا ہے یہ وہی پیسہ ہے جوسابق حکمرانوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال کرحاصل کیا تھا۔ پنجاب کے عوام اگلے الیکشن میں بے حسی کا مظاہر ہ کرنے والوں کو سیاسی طورپر دریابرد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں روزانہ رات کو سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کرتا ہوں اور ویڈیو لنک کے ذریعے بھی متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرتا ہوں۔ متاثرہ لوگوں کو عید سے قبل معاوضہ دیا جائے گا اور میں خود اور میرے ساتھی آپ کے پاس حاضر ہو کر معاوضہ دیں گے تاکہ کوئی حقدار حق سے محروم رہ نہ جائے۔ متاثرین کوکھاد اور بیج بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کے تمام عمل کی خود نگرانی کروں گا۔ متاثرین کو مکانات کے علاوہ فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے شہر سلطان اور علی پور کا دورہ کیا اور سیلاب زدگان کے امدادی کیمپس کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ خیمہ بستیوں میں رہائش پذیرایک ایک فرد کے پاس گئے اور خیریت پوچھی۔ شہبازشریف نے متاثرین کو فراہم کئے جانے والے کھانے کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں اور میری حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پنجاب حکومت آپ کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ متاثرین کی بحالی کے کام کو بھی اسی جذبے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ متاثرین جن خیموں میں رہ رہے ہیں وہ گھر وں کو واپسی کے موقع پر ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے اعلان پر متاثرین نے شہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ میڈیکل کیمپوں میں بھی گئے اور ادویات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔ سیلاب متاثرین کے نقصان کے ازالہ کیلئے سروے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے اور عید سے پہلے امداد کی پہلی قسط تقسیم کر دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ علاقے میں گیارہ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے باقاعدگی سے خوراک اور امدادی سامان مہیا کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر نے گزشتہ روز بھی جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی آپریشن جاری رکھا اور 4 پروازوں کے ذریعے سیلاب متاثرین میں 7200 کلو راشن اور خواک کے پیکٹ تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد سبزیوں، پھلوں اور بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کابینہ کمیٹی عوام کو مناسب داموں اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے بھائی حاجی محمد اسماعیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے متحدہ جمعیت علماء پاکستان اور عالمی تحریک امن کے صدر اور مذہبی سکالر علامہ مفتی صفدر علی قادری کے انتقال پر بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن