چیمپئنز لیگ میںتمام ٹیمیں بڑی، لاہور لائنز کے کھلاڑی خود کو کمزور نہ سمجھیں:محمد حفیظ
لاہور+ حیدر آباد (نمائندہ سپورٹس+ بی بی سی رپورٹ) بھارت میں چیمپئنز لیگ کے لیے لاہور لائنز کے میڈیا منیجر رضا راشد کا کہنا ہے تمام پلیئرز کی نظریں بڑے میچز پر ہیں اور جیت کیلئے پرعزم ہیں۔ وہ حیدرآباد دکن سے ”نوائے وقت“ کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ چیمپئنز لیگ میں اب ان کا مقابلہ ان ٹیموں سے ہے جن کا تجربہ ان سے زیادہ ہے لیکن وہ خود کو کسی سے بھی کمتر نہ سمجھیں اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں۔
کوشش ہو گی کہ کوالیفائنگ راو¿نڈ میں اس نے جو اچھی کرکٹ کھیلی ہے اسے آنے والے میچوں میں بھی برقرار رکھا جائے۔ نام سے تمام ٹیمیں بڑی لگتی ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور چنئی سپر کنگز کا تجربہ لاہور لائنز سے کہیں زیادہ ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں جس دن آپ اچھا کھیلیں تو آپ کا ٹیلنٹ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔ لاہور لائنز میں ٹیلنٹ موجود ہے چند پروفیشنل چیزوں پر مزید توجہ دے رہے ہیں کیونکہ ٹیم کے آٹھ نو کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار اس طرح کا کوئی بڑا ایونٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ جتنا زیادہ کھیلیں گے اتنا ہی زیادہ سیکھیں گے۔ کوالیفائنگ میچوں میں وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ نے اچھی بولنگ کی ہے جبکہ عدنان رسول، آصف رضا اور عمران علی کا رول بھی اہم ہے۔ بیٹنگ میں عمراکمل نے پہلے میچ میں اچھی بیٹنگ کی جبکہ سعد نسیم کا ٹیلنٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں دیکھ چکے ہیں وہ ایک مکمل کرکٹر ہیں لیکن بدقسمتی سے انگلی زخمی ہونے کے سبب وہ بولنگ نہیں کر پائے ہیں۔ بھارت میں کھیلنے کا اپنا مزا ہے یہاں کے شائقین کرکٹ کے دیوانے ہیں اور جب بھی پاکستانی کرکٹرز بھارت آ کر کھیلتے ہیں تو انہیں شائقین کی محبت ملتی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں چونکہ ان کا پہلا میچ ایک بڑی ٹیم ممبئی انڈینز سے تھا لہٰذا پہلے میچ میں شائقین کی ہمدردیاں ممبئی کی ٹیم کے ساتھ تھیں لیکن اسے ہرانے کے بعد شائقین نے لاہور لائنز کی طرف توجہ دینی شروع کر دی۔